وزیراعلیٰ پنجاب کا مستحق افراد کیلئے فلاحی پروگرام ’’مریم کو بتائیں‘‘ کا آغاز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستحق افراد کیلئے ایک نئے فلاحی پروگرام ’مریم کو بتائیں‘ کے اجرا کا اعلان کر دیا۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ یکم رمضان المبارک سے ضرورت مند خاندانوں کی فوری مالی معاونت کے لئے ’مریم کو بتائیں‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہو گا، جس کے تحت مالی مشکلات کا شکار افراد 24 گھنٹے کے اندر 10 ہزار روپے تک امداد حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق یکم رمضان سے ’مریم کو بتائیں‘ ہیلپ لائن 1000 فعال ہو جائے گی، جہاں ضرورت مند افراد کال کرکے 10 ہزار روپے کی مالی امداد کیلئے درخواست دے سکیں گے، اس کے علاوہ امداد کے خواہشمند شہری ویب پورٹل یا موبائل ایپ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے بھی درخواست جمع کرا سکیں گے۔
ان کا مزید بتانا تھا کہ پی ایس ای آر میں رجسٹرڈ درخواست گزاروں کو اس پروگرام کے تحت مالی امداد 24 گھنٹے کے اندر منتقل کر دی جائے گی، جبکہ غیر رجسٹرڈ افراد کی تصدیق اور رجسٹریشن کیلئے 4 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ہر ضرورت مند تک حکومتی وسائل کی رسائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق فرد امداد سے محروم نہ رہے۔
