(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے اے ایم آئی سنگل فیز سمارٹ میٹرز کے منصوبے پر عمل درآمد کرنے کے بجائے یوٹرن لے لیا۔
کمپنی نے سمارٹ میٹرز کے بجائے دوبارہ پرانے سٹیٹک میٹرز کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے، جس پر تقریباً ایک ارب روپے کے اخراجات ہوں گے۔
لیسکو نے دو لاکھ 25 ہزار سنگل فیز سٹیٹک میٹرز کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے، دو ماہ قبل سٹیٹک میٹرز کی تنصیب پر پابندی لگا کر سمارٹ میٹرز کے منصوبے پر زور دیا گیا تھا، لیکن وزارت پاور ڈویژن کی ہدایات پر اچانک پرانے میٹرز کی تنصیب پر پابندی عائد کر دی گئی، جس کے باعث صارفین کو میٹرز کی تنصیب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق، وزارت پاور کے مراسلے کا سہارا لے کر لیسکو نے صارفین کو دربدر کر دیا تھا، تاہم، نیو کنکشن اور ڈیفیکٹو کوڈز کی بنیاد پر سنگل فیز میٹرز کی فوری ضرورت کے پیش نظر، کمپنی نے صارفین کی سہولت کیلئے دوبارہ سٹیٹک میٹرز کی خریداری شروع کر دی۔
