(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نیا سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔
نئے سکیورٹی پلان کے تحت 30,000 ریٹائرڈ فوجی اور پولیس اہلکاروں کو ڈیلی ویجز پر بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ہے، یہ اقدام سکولوں اور کالجوں کی سکیورٹی بڑھانے اور طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ریٹائرڈ فوجی اور پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی گارڈز کے طور پر سکولوں میں بھرتی کریں، یہ عمل تعلیمی اداروں کی سکیورٹی میں اضافہ کرے گا اور خطرات سے نمٹنے کے لئے مزید اقدامات فراہم کرے گا۔
نئے سکیورٹی پلان کے تحت سکولوں کی باڑ کی کم از کم اونچائی 8 فٹ کی جائے گی اور اس پر 2 فٹ خاردار تار نصب کی جائے گی، مزید برآں، سکول کے داخلی دروازوں، گراؤنڈز، چھتوں اور راہداریوں میں جدید کیمرے نصب کئے جائیں گے تاکہ سکول کے اندر اور باہر کی نگرانی کی جا سکے۔
ہر سکول میں یو پی ایس اور ہیوی ڈیوٹی بیٹریاں نصب کی جائیں گی تاکہ بجلی جانے کی صورت میں کیمرے اور دیگر سکیورٹی سسٹمز چلتے رہیں۔ سکولوں میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا، جس میں ہنگامی نمبرز درج ہوں گے اور سکول کے ایک فوکل پرسن کی نگرانی کے تحت سکیورٹی آپریشنز چلائے جائیں گے۔
سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے سکولوں میں واک تھرو گیٹس نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، سکول کے گیٹ پر وزیٹر رجسٹر رکھا جائے گا، جس میں ہر آنے والے کا نام، شناختی کارڈ نمبر اور وقت درج کیا جائے گا تاکہ غیر متعلقہ افراد کی موجودگی کو روکا جا سکے۔
سکولوں میں ریسکیو ٹریننگ اور انسداد دہشت گردی کی ہدایات کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے گا، تاکہ اساتذہ اور عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ردعمل دے سکیں۔
نئے سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران روزانہ دو سکولوں کا معائنہ کریں گے، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور چیف ایگزیکٹو افسران بھی روزانہ دو سکولوں کا دورہ کریں گے جو افسران رپورٹ جمع نہیں کرائیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
طلبہ کو سکول کے وقفے کے دوران سکول سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی اور غیر متعلقہ افراد کا سکول میں داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہو گا، اس نئے سکیورٹی پلان کا مقصد تعلیمی اداروں میں ممکنہ خطرات کو روکنا اور بچوں، اساتذہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
