(لاہور نیوز) اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے احکامات پر عدالتی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے وکلاء اور سائلین کی مکمل چیکنگ کے بعد ہی انہیں احاطہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سائلین کے شناختی کارڈز کی تصدیق کے بعد ہی ان کا داخلہ ممکن بنایا جا رہا ہے، جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ادھر لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی پلان کو چیف جسٹس کے احکامات کے مطابق مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور تمام عدالتوں میں آنے والے افراد کی سخت نگرانی جاری ہے۔
