(ویب ڈیسک) پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج، ٹرینیں لیٹ ہو گئیں۔
سڑکوں اور موٹرویز پر ٹریفک سست ہو گئی ، دھند نے کم از کم ایک جگہ پر موٹروے بند بھی کروا دی، میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ کا غبار آمد و رفت میں رکاوٹ بن گیا۔
ملتان سے اپ اور ڈاؤن ٹریکس پر ٹرینوں کا پہیہ دھند کی وجہ سے سست روی کا شکار ہونے کی ابتدا ہو گئی ہے، ٹرینیں کئی کئی گھنٹوں تاخیر کے بعد ملتان ریلوے اسٹیشن پر پہنچ رہی ہیں، ٹرینوں کی آمد میں بتائے گئے وقت سے کئی گھنٹے تاخیر ہونے کے سبب مسافر انتظار کی اذیت میں مبتلا دکھائی دیئے۔
ریلوے ٹریک پر دور دور تک دھند کی گرفت کے سبب ٹرینوں کے ڈرائیوروں نے سیفٹی مینوئل پر عمل کرتے ہوئے ٹرینوں کی رفتار کو کنٹرول کرنا شروع کر دیا ہے جس کے نتیجہ میں کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس ملتان تک پہنچتے پہنچتے 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔
ادھر کراچی سے ملتان آنے والی بہاوالدین زکریا ایکسپریس 2 گھنٹے تاخیر سے ملتان ریلوے اسٹیشن پہنچی، کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل ایکسپریس 2 گھنٹے لیٹ ہوئی، لاہور سے کراچی جانے والی خیبر میل ڈھائی گھنٹے لیٹ ملتان ریلوے سٹیشن پر پہنچی، لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس لاہور سے ملتان آنے تک 4 گھنٹے لیٹ ہو چکی تھی، کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس بھی 3 گھنٹے لیٹ ہوئی۔
اس کے علاوہ راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس 1 گھنٹہ تاخیر سے ملتان پہنچی، راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس 1 گھنٹہ تاخیر کا شکار پائی گئی۔
