وزیر اعلیٰ کا 'اپنی چھت، اپنا گھر' پروگرام،1 لاکھ گھروں کی تکمیل چند قدم دور
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے ’اپنی چھت،اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت صوبے میں 1 لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے گھروں کی تکمیل چند قدم دور ہے، جبکہ بلاسود 15 لاکھ قرضوں کے ذریعے گھروں کی تعمیر کا ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے اس منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں بتایا کہ 87 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرض فراہم کیا گیا ہے اور 13 ہزار کو رواں ماہ ادائیگی کی جائے گی۔
ڈی جی ہاؤسنگ سکندر ذیشان نے پروگرام کی کامیابی کے حوالے سے بینک آف پنجاب، اخوت اور دیگر مالی اداروں کے نمائندگان کے ہمراہ تفصیلات شیئر کیں۔
وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کیلئے اربوں کے بلاسود قرضوں کی فراہمی انقلابی قدم ہے, جس سے پنجاب کے ہر کونے میں گھروں کی تعمیر کا جال بچھے گا۔ 19 ہزار سے زائد گھروں کی تکمیل ہوچکی ہے، جبکہ باقی گھروں پر کام تیزی سے جاری ہے۔
