(لاہور نیوز) ملک بھر میں غریب عوام کو سبزیاں اور پھل خریدنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، قیمتوں میں خودساختہ اضافے کے باعث بازاروں میں معمولی درجے کی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیاز کی قیمت 120 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ٹماٹر اور سبز مرچیں 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔
اسی طرح لہسن 500 روپے، ادرک 650 روپے اور لیموں 180 روپے فی کلو کے نرخ پر دستیاب ہیں، ٹینڈے 380 روپے فی کلو، آلو اور پالک 100 روپے فی کلو، کریلے 250 روپے، گوبھی اور بھنڈی 200 روپے فی کلو، شلجم 140 روپے اور شملہ مرچ 280 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے، کیلا 200 روپے فی درجن، سیب اور ناشپاتی 400 روپے فی کلو، آڑو اور پپیتا 350 روپے اور انگور 320 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، گرما اور جاپانی پھل بھی 250 روپے فی کلو کے نرخ پر دستیاب ہیں۔
