(لاہور نیوز) پاور ڈویژن کی جانب سے 20 ستمبر تک سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں سیلاب کے بعد بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، لیسکو کے 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 66 مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں، جبکہ 1 فیڈر جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیسکو کے 441 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام 21 ستمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے، ان علاقوں میں لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ اور اوکاڑہ شامل ہیں جہاں بجلی کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ سیلاب کے اثرات کے باوجود بجلی کی بحالی کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے اور باقی متاثرہ فیڈرز کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
لیسکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں مکمل بحالی کے بعد متاثرہ صارفین کو بجلی کی فراہمی دوبارہ معمول پر آ جائے گی۔
