(لاہور نیوز) جنوبی افریقہ سے منگوائے گئے 12 خوبصورت زرافے لاہور سفاری پہنچ گئے۔ نایاب زرافوں کو کچھ دن بعد سفاری زو اانے والے بچوں، بڑوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سفاری زو اور لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اپنے نئے مہمانوں کی اقامت گاہ پر گرمی کم سے کم رکھنے کے لئے خاص انتظامات کئے ہیں، زرافوں کی اقامت گاہ پر خاص طور سے بنوائے جمبو سائز ایئر کولر چوبیس گھنٹے چل رہے ہیں۔
ان 12 زرافوں کو کراچی سے لاہور لانے کے لئے 40 فٹ کے کینٹینر میں خاص تبدیلیاں کی گئیں، انہیں بہت سست سفر کر کے حفاظت کے ساتھ لاہور لایا گیا، لاہور سفاری زو میں انہیں خصوصی اہتمام سے بنائے گئے شیڈ میں ٹھہرایا گیا ہے، جہاں ٹمپریچر کو چوبیس گھنٹے کنٹرول میں رکھنے کے لئے خاص طور سے بنوائے گئے جمبو سائز ایئر کولر چلتے ہیں۔
نئے مسکن میں کورنٹینا کی مدت گزارنے کے بعد ان میں سے 9 زرافے سفاری زو میں ہی رہا کریں گے اور 3 زرافے مال روڈ پر واقع لاہور زو چلے جائیں گے، زرافوں کے درآمد کنندہ اویس امین کے مطابق یہ زرافے قرنطینہ مکمل کر کے آئے ہیں تاہم انہیں مزید 21 سے 28 دن نگرانی میں رکھا جائے گا۔
وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مستقبل میں ہاتھی، دریائی گھوڑے اور گینڈے کے ساتھ ساتھ کئی دوسرے نایاب جانور بھی پاکستان منگوانے کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
