(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ان دنوں موسم اپنے تیور دکھا رہا ہے جہاں سورج کی تیز کرنیں شہریوں کو جھلساتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد تک جا پہنچا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، لیکن ہوا میں نمی کی مقدار کی وجہ سے گرمی کا احساس شدید ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز تک لاہور میں بادل برسنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں اور شہر میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
شہریوں کو گرمی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جن میں پانی کا زیادہ استعمال، دھوپ سے بچنا اور ٹھنڈے مقامات پر وقت گزارنا شامل ہے۔
