(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں قانون کے رکھوالے بھی قانون کے شکنجے میں آ گئے، رواں سال پولیس افسران اور اہلکاروں کیخلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں 69 مقدمات درج ہوئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال کے دوران مختلف تھانوں میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف 69 مقدمات درج ہوئے، درج شدہ مقدمات میں کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر تک کے 121 اہلکار نامزد کئے گئے۔
مقدمات میں 3 انسپکٹر، 14 سب انسپکٹر، 21 اے ایس آئی نامزد ہوئے، مختلف تھانوں میں درج شدہ مقدمات میں 83 ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل بھی نامزد کئے گئے، مقدمات کا اندراج مالی کرپشن، ناقص تفتیش اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر ہوا۔
سائلین کو ہراساں کرنے اور مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے باعث بھی مقدمات درج ہوئے، کینٹ ڈویژن میں 16، ماڈل ٹاؤن اور صدر ڈویژن میں پولیس کے خلاف 13، 13 مقدمات درج ہوئے، اسی طرح اقبال ٹاؤن اور سٹی ڈویژن میں پولیس کے خلاف 10، 10 مقدمات کا اندراج کیا گیا جبکہ سول لائنز ڈویژن میں 7 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
