(لاہور نیوز) گندم، آٹا اور روٹی کی قیمت قابو سے باہر، لاہور انتظامیہ کی سرکاری ریٹ پر عمل درآمد کی کارکردگی صفر رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، چند روز کے دوران قیمت میں ایک ہزار روپے تک اضافہ ہوچکا ہے، میدہ فائن 80 کلو بوری 4800 روپے سے بڑھ کر 9 ہزار پرجا پہنچی ہے، میدہ فائن فی بوری کی قیمت میں 4200 روپے اضافہ ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کا ریٹ 4 ہزارروپے فی من تک جا پہنچا ہے۔
اس صورتحال میں تندورمالکان نے نیا راستہ تلاش کر لیا ہے، انہوں نے قیمت نہیں بڑھائی، روٹی کا وزن کم کر دیا ہے، آٹا مہنگا ہونے پر 100 گرام کی روٹی کا وزن 80 گرام کر دیا ہے،گاہکوں کو وزن کم ہونے سے متعلق آگاہ بھی نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق روٹی نان کی قیمت بڑھانے کے لئے اجلاس 9 ستمبر کو ہو گا، روٹی 5 اور نان 10 روپے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ دوسری طرف فلور ملز مالکان نے پنجاب حکومت سے ریٹ کم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
