(لاہور نیوز) وزارت خزانہ کی سٹیئرنگ کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت مہنگائی پر سٹیئرنگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، وزارت خزانہ، پاور ڈویژن، پٹرولیم ڈویژن اور وزارت قومی غذائی تحفظ کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔اجلاس میں سٹیٹ بینک، شماریات بیورو اور ایس ڈی پی آئی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، اجلاس میں ملک میں غذائی اجناس کی قیمتوں اور مارکیٹ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں حالیہ سیلاب سے غریب اور کم آمدنی والے طبقے پر اثرات پر غور کیا گیا، گندم، چاول اور چینی کے ذخائر کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
حکومت کا غریب گھرانوں اور متاثرہ علاقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کا عزم، صوبوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر انتظامی اقدامات کی سفارشات تیار کرنے کا فیصلہ کیا، اجلاس میں اشیاء فراہمی کے نظام کا بہتر اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
