(لاہور نیوز) ملک بھر میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ جاری ہے جس کے باعث عوام سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں پر کیپنگ کے باوجود مارکیٹ میں خود ساختہ نرخ وصول کئے جا رہے ہیں، برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 595 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، مگر مارکیٹ میں یہ گوشت 680 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، صافی برائلر گوشت بعض دکانوں پر 780 روپے فی کلو تک بھی فروخت کیا جا رہا ہے۔
زندہ برائلر کی قیمت میں بھی استحکام دیکھنے میں نہیں آ رہا، زندہ برائلر کا ریٹ 383 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، تاہم پولٹری فارمز مالکان کی جانب سے یہ 425 روپے فی کلو میں فروخت کیا گیا۔
ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر کا سرکاری نرخ 397 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن دکاندار اسے 450 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں، پرچون مارکیٹ میں زندہ برائلر کا ریٹ 411 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، مگر اس پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمتیں بھی غیر مستحکم ہیں، انتظامیہ نے درجن انڈوں کی قیمت 300 روپے مقرر کی ہے، مگر بازار میں انڈے 320 روپے درجن تک فروخت ہو رہے ہیں، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 8 ہزار 880 روپے مقرر کی گئی ہے۔
