(لاہور نیوز) کرکٹ سٹار شاہد آفریدی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ضروری سامان لے کر صوابی پہنچ گئے۔
شاہد آفریدی نے صوابی میں حالیہ فلیش فلڈ سے متاثرہ گھروں اور علاقے میں ہونے والے نقصانات کا وہاں کے لوگوں سے مل کر اور خود گھوم پھر کر جائزہ لیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد میں اشیائے ضروریہ کے پیکٹ تقسیم کئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آج دن کے وقت صوابی پہنچے تو سیلاب زدہ شہری انہیں اپنے درمیان دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔
شاہد آفریدی نے سیلاب سے متاثرہ علاقے دالوڑی پایاں کا دورہ کیا اور سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی، شاہد آفریدی نے متاثرہ گھروں اور علاقے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جبکہ ان کی جانب سے متاثرہ افراد میں اشیائے ضروریہ بھی تقسیم کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نصراللہ خان نے بھی شاہد آفریدی کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات بارے تفصیلات دی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کروں گا۔
