
(لاہور نیوز) لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی عمارت کو مخدوش اور خطرناک قرار دے دیا گیا ۔
وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے تین یونٹس کو فوری شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت لیڈی ولنگڈن ہسپتال کا ایک یونٹ لیڈی ایچیسن، ایک یکی گیٹ اور ایک یونٹ شاہدرہ ہسپتال منتقل ہوگا ۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی ایمرجنسی اور اوپی ڈی بدستور فعال رہے گی ۔ لیڈی ولنگڈن ہسپتال سے مریض منتقل کرنے کیلئے 2 اضافی ایمبولینسز مامور کر دی گئیں ۔
لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے یونٹس کی منتقلی کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ۔ ساڑھے 7 ارب لاگت سے زیر تعمیر لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی نئی عمارت مکمل ہونے پر تمام یونٹس دوبارہ واپس شفٹ ہوں گے ۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ آئی ڈیپ کو لیڈی ولنگڈن کی نئی عمارت کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ عظمت محمود سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔