(لاہور نیوز) شہر میں مہنگائی کے ستائے عوام کو جزوی راحت مل گئی جہاں کئی روز کے اضافے کے بعد برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مرغی کا گوشت 7 روپے سستا ہو کر اب 555 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 5 روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد ہول سیل ریٹ 369 روپے اور پرچون میں 383 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔
ادھر انڈوں کی قیمت میں ایک روپے فی درجن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد نیا نرخ 253 روپے درجن ہو گیا ہے، جبکہ ایک پیٹی 7470 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے، شہر کی منڈیوں میں گراں فروشوں کا راج برقرار ہے اور پرائس کنٹرول کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔
مارکیٹ میں پیاز 70 روپے، ٹماٹر 160، لہسن 350 اور ادرک 580 روپے فی کلو تک جا پہنچے ہیں، سبز مرچ 180، لیموں اور ٹینڈے 400، آلو 140، کریلے 160، بھنڈی 180، پھول گوبھی 200 اور کدو 380 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
پھلوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، کیلا 240 روپے درجن، سیب 600، پپیتا 500، خوبانی، آڑو اور جامن 380، آم 300 اور گرما 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
