(لاہور نیوز) کمشنر لاہور زید بن مقصود نے شہر کے نشیبی اور حساس علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے جاری آپریشنز کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کینٹ اور گلبرگ کے علاقوں میں نکاسی آب کی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو شہر کی تمام مرکزی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں کو جلد از جلد مکمل کلیئر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
دورے کے دوران کمشنر لاہور نے واسا ہیڈ آفس میں قائم مون سون کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں ایم ڈی واسا غفران احمد نے انہیں بریفنگ دی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا اور ڈی جی ایل ڈی اے بھی موجود تھے۔
کمشنر لاہور نے رین مانیٹرنگ ڈیش بورڈ، لائیو انڈر پاسز کیمرہ مانیٹرنگ اور ڈسپوزل سٹیشنز کی ورکنگ کا تفصیلی جائزہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ سورنگ پوائنٹس سمیت تمام اہم مقامات پر نکاسی آب کا کام جاری ہے اور واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جائے اور بیک اپ سسٹمز کو بھی فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری نمٹا جا سکے۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ نکاسی آب آپریشن کو طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے اور شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ردعمل دیا جائے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شہریوں کی سہولت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
