
(لاہور نیوز) لاہور کے نواحی علاقے شاہکام چوک کے قریب جلیانہ گاؤں میں خستہ حال گھر کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر کی چھت لکڑی کے کمزور بالوں اور مٹی سے بنی ہوئی تھی، جو بارش اور وقت کے اثرات سے خستہ حال ہو چکی تھی، اچانک گرنے والی چھت کے ملبے تلے دبنے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
زخمی سائرہ شہزاد کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے، ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کو جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی ہیں، تاہم حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ گھر کئی سالوں سے خستہ حال تھا اور متعلقہ حکام کو اس بارے میں مطلع کیا گیا، مگر کوئی اقدام نہ کیا گیا، مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے خستہ حال مکانات کی نشاندہی کر کے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ رہائش فراہم کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔