
(لاہور نیوز) محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے وہیکل امیشن ٹیسٹنگ کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی۔
اب گاڑیوں کی امیشن ٹیسٹنگ کروانے کی آخری تاریخ 30 جون کے بجائے 31 اگست 2025 ہو گی۔
یہ فیصلہ شہریوں کے امیشن ٹیسٹنگ بوتھس پر بڑھتے ہوئے رش کے باعث کیا گیا، متعلقہ حکام کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں گاڑیوں کے مالکان ٹیسٹنگ مراکز کا رخ کر رہے ہیں جس سے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ 2022 تک تیار ہونے والی گاڑیوں کو اس مہم سے استثنا حاصل ہے، محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ایک لاکھ 23 ہزار گاڑیوں کی جانچ مکمل کی جا چکی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہر میں فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے نہایت اہم ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی گاڑیوں کی امیشن ٹیسٹنگ کروا کر قانون کی پاسداری کریں۔