25 Jun 2025
(لاہور نیوز) سی ٹی او لاہور نے جعلی اور غیرنمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔
سی ٹی او کے مطابق مہم کا آغاز 27 جون سے کیا جائے گا، جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف باقاعدہ مقدمات درج کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تین روز تک ایسے خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو وارننگ دی جائے گی تاکہ انہیں اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست کروانے کا موقع ملے۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ جعلی نمبر پلیٹس بنانے والے مینوفیکچررز کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس جرم میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
سی ٹی او نے شہریوں کو خبردار کیا کہ ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹس میں رد و بدل نہ کریں، کیونکہ یہ عمل قانوناً جرم ہے اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
