(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق کشمیر، خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں اور اگلے چند روز میں شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، 25 جون کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا۔
این ڈی ایم اے نے 25 جون تا یکم جولائی ممکنہ موسمی صورتحال کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی، ایڈوائزری کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، باغ، راولاکوٹ اور مظفرآباد میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق تیز ہواؤں، آندھی اور طوفان کے دوران کمزور درخت، کچی دیواریں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، آندھی اور طوفان کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں کو شیڈ کے نیچے یا دیگر محفوظ جگہ پر پارک کریں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہٰذا محتاط رہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام سے گزارش ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔
