
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر گلوکار طلحہ انجم پر کانسرٹ کے دوران بوتلے پھینکنے کے واقعہ پر برس پڑیں۔
ریپ گلوکار طلحہ انجم نے حال ہی میں ایک کانسرٹ کیا جہاں دوران پرفارمنس ایک مداح کی جانب سے گلوکار پر پانی کی بوتل پھینکی گئی، جس کے بعد طلحہ انجم نے ہجوم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سکیورٹی گارڈ کو مداح کو اٹیج پر بلانے کا کہا اور پھر اسے کانسرٹ سے باہر نکال دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو کافی وائرل ہوئی جس پر اداکارہ ہانیہ عامر بھی ردعمل دیے بغیر رہ نہ سکیں۔
ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پرفارمنس کے دوران آرٹسٹ پر چیزیں پھینکنا نہ صرف بےعزتی کی بات ہے بلکہ یہ غیر انسانی فعل ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ آپ آرٹ کا مطالبہ نہیں کرسکتے اور احترام کی پیشکش نہیں کرسکتے، کسی بھی آرٹسٹ کو ایسے ماحول میں پرفارم نہیں کرنا چاہیے جہاں خطرہ ہو اور عزت نہ دی جائے۔

انہوں نے لکھا کہ گلوکار طلحہ انجم سٹیج پر جچتا ہے نہ کہ میدان جنگ میں، ہجوم کو ذمہ دار رکھیں فنکار کو نہیں، اگر ہم اپنے آرٹسٹ کو محفوظ نہیں بنائیں گے تو ہم اس کے مستحق نہیں۔
اداکارہ نے اپنی سٹوری میں مزید لکھا کہ طلحہ انجم ایک آرٹسٹ ہے نہ کہ کوئی ٹارگٹ، ایک مشہور شخصیت کو کچھ عزت دو۔