
(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کا پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹریز کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کی۔
ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، سیکرٹری اطلاعات وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ اور عائشہ نواز چودھری سمیت دیگر ڈویژنل، ڈسٹرکٹ، تحصیل اور سٹی انفارمیشن سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
پی پی وسطی پنجاب کے ونگز کو 30 جون تک انفارمیشن بیوروکی سفارشات دینےکی ہدایت کی گئی، پارٹی کے عوامی فلاح کے کام اور بیانیےکو پوسٹ کرنے، بیانیےکو ٹک ٹاک، فیس بک اور ایکس پر زیادہ سے زیادہ پوسٹ کرنے کی بھی ہدایات کی گئی۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ پنجاب کی وارث پیپلز پارٹی ہے اور رہے گی، پیپلز پارٹی نے شہادتوں سے آئین تک پاکستان کو دیا، سیاست ایک ایسا پیشہ ہے جسکی کوئی فیس نہیں، پیپلز پارٹی میں کام کرنیوالے بہت لوگ ہیں صرف انہیں متحرک کرنیکی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلا کام ورکر اور قیادت کے درمیان رابطے بحال کرنا ہے، کوئی بھی اکیلا کام نہیں کر سکتا ٹیم بنانا پڑتی ہے، انفارمیشن ونگ کو تحصیل لیول تک مضبوط بنائینگے۔