(لاہور نیوز) سیکرٹری پرائس کنٹرول پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں اشیائے خورونوش کی طلب و رسد اور سپلائی چین کی نگرانی کیلئے جدید اور مؤثر نظام فعال کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں ڈپٹی سیکرٹری کماڈیٹیز ڈاکٹر خالد نعیم نے انہیں کنٹرول روم کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر 24 گھنٹے خدمات سرانجام دینے والی ٹیم سے ملاقات کے دوران سیکرٹری نے تین شفٹوں میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ ایسی محنت سے ہی گراں فروشی کا مؤثر تدارک ممکن ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سات دنوں میں کنٹرول روم کو 200 سے زائد شکایات موصول ہوئیں جنہیں بروقت متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ افسران کو بھجوا کر کارروائی کی گئی۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گراں فروشی کے خلاف ایک مربوط اور ہمہ گیر مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین کو براہ راست ریلیف ملے گا۔
دورے کے اختتام پر سیکرٹری پرائس کنٹرول نے بہترین خدمات سرانجام دینے والے افسران کو تعریفی اسناد سے نوازا، نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں عبدالرحمان، غیاث الدین، شاہ خاور جیکب، محمد نعمان، خالد ستار اور اسامہ چودھری شامل تھے۔
