وزیراعلیٰ پنجاب کلین لاہور مشن کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے، ڈپٹی کمشنر لاہور
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کلین لاہور مشن کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی انقلابی قیادت میں ضلعی انتظامیہ شہر کو صاف ستھرا اور رہنے کے قابل بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل نشتر کا دورہ کیا اور صفائی، سیوریج اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم آسی، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) اور واسا کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے کماہاں گول چکر اور نالے کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم آسی نے صفائی مہم، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس موقع پر کہا کہ لاہور کو صاف ستھرا اور مثالی شہر بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ دن رات کوشاں ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کے واقعات پر سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، انہوں نے رہائشی علاقوں سے جھگیاں اور مویشی فوری طور پر ہٹانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
