(ویب ڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، پانچ گھنٹوں سے بجلی سے محروم اہل علاقہ سراپااحتجاج بن گئے ۔
گرمی سے نڈھال اور لوڈشیڈنگ سے پریشان شہری سراپا احتجاج بن گئے،لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں نے فیروز پور روڈ کو بلاک کر دیا،لیسکو کی جانب سے شہریوں کو پانچ گھنٹے گُزر جانے کے بعد بھی کوئی جواب نا دینے پر مین فیروز پور روڈ کو شہریوں نے بلاک کر دیا۔
ماڈل ٹاؤن کورٹ کے سامنے پُل کو بھی شہریوں نے ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا،شہریوں کے احتجاج کے باعث ماڈل ٹاؤن کورٹس کے سامنے پُل پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ٹاؤن شپ ڈویژن کے مختلف علاقے ،بہار کالونی،کوٹ لکھپت،ماڈل ٹاؤن آر بلاک،ایس بلاک بجلی سے محروم ہیں،لیاقت آباد بازار،دلکشاہ کالونی،عمر کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی پانچ گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔
بہار کالونی سب ڈویژن کا عملہ دفتر کھلا چھوڑ کر غائب ہوگیا، بجلی کی فراہمی نا ہونے پر شہری پریشان ہوکر سڑکوں پر نکل آئے،روڈ بلاک ہونے کے بعد لیسکو عملہ بجلی بحال کرنے کے لئے پہنچ گیا، لیسکو عملے کی یقین دہانی پر شہریوں نے روڈ ٹریفک کے لئے کھول دیا۔
