(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی روٹی کا سوچ کر رات کو بہت مشکل سے نیند آتی ہے۔
یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا سرگودھا ڈویژن میں کہیں بھی دل کے مرض کا سرکاری ہسپتال نہیں تھا، سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی تقریباً مکمل ہو چکا ہے، ابھی ایک پل کا افتتاح کرکے آئی ہوں، ہم نے سرگودھا میں 8 ماہ کے اندر پل تعمیر کر دیا ہے، سرگودھا میں نیا پل نواز شریف کے نام سے منصوب کیا ہے، ایک سال بعد سرگودھا ڈویژن کا ہر شہر اور ڈسٹرکٹ مختلف اور بہترین ہو گا، تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتی ہوں، ملک کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا بچوں نے لیپ ٹاپس ملنے پر میرا مختلف پلیٹ فارم پر شکریہ ادا کیا، میرا شکریہ ادا نہیں کرنا یہ آپ بچوں کا حق ہے، اب کوئی بیٹی تعلیم سے محروم نہیں رہے گی، ہونہار سکالرشپ 30 ہزار بچوں سے شروع کیا، سکالر شپس کو 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دیا ہے، اگلے سال سکالر شپس کو 50 ہزار سے بڑھاؤں گی۔
انہوں نے کہا طلبہ کو 18 ہزار الیکٹرک بائیکس بھی دی جا چکی ہیں، سوچ رہی ہوں چارجنگ سٹیشن زیادہ لگ جائیں تاکہ الیکٹرک بائیکس کی تعداد بڑھا سکوں، ایک لاکھ لیپ ٹاپس اس سال دیئے جا رہے ہیں، ہم 5 سال میں 5 لاکھ لیپ ٹاپس دیں گے، وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کو شاباش دینا چاہتی ہوں، پورے پنجاب میں اس سال ہم 50 ہزار نئے کلاس رومز بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کوئی ایسا سکول نہیں ہو گا جہاں واش روم اور پینے کا صاف پانی میسر نہ ہو، وعدہ ہے کسی سکول میں بچوں کو زمین پر نہیں بیٹھنا پڑے گا، جو وعدہ کرتی ہوں پورا کرتی ہوں کیونکہ نواز شریف کی بیٹی ہوں، اس سال 6 ہزار سکولوں میں اے آئی، کمپیوٹر لیبز بنانے جا رہے ہیں، چاہتی ہوں آپ کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، آپ کو پڑھائی کے بعد اپنا کاروبار کرنے کیلئے تمام سہولیات میسر ہونی چاہئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا 3 ماہ میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں کو کاروبار کیلئے اربوں روپے کے قرض دیئے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ آئی جو سب کیلئے اعزاز ہے، پنجاب کے پاس پیسہ وہی ہے جو پچھلے کئی سالوں سے تھا، اب پیسہ عوام پر لگ رہا ہے جیبوں میں نہیں جا رہا، عوام کی روٹی کا سوچ کر رات کو بہت مشکل سے نیند آتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ہم قلم اٹھائیں گے پتھر نہیں، ہم لیپ ٹاپس اٹھائیں گے بندوقیں نہیں، ہم پاکستان کے ہوں گے کسی فتنے اور سازش کے نہیں، لیپ ٹاپس، الیکٹرک بائیکس تو صرف آغاز ہے، جو آپ کے ماں باپ نے خواب دیکھے وہ ہم پورے کریں گے، ہر ترقیاتی کام کرتے وقت آپ کے دمکتے چہرے سامنے ہوتے ہیں، اپنے ملک کیلئے بنیان مرصوص بنو۔
