
(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے سوشل میڈیا پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے کے مقدمہ میں ملوث مجرم کو اڑھائی سال قید و جرمانہ کی سزا کا حکم سناتے ہوئے مجرم کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے ایڈمن جج منظر علی گل نے مقدمہ کی سماعت کی، دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مجرم حنان عبداللہ فیس بک پر بم بنانے کا طریقہ سیکھ رہا تھا، مجرم کا فیس بک کے ذریعے دہشتگردوں سے تعلق قائم ہوا، اسکا دہشتگرد تنظیم کے افراد سے رابطہ تھا، پراسکیوٹر کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے مجرم کو قانون کے مطابق سزا سنائی جائے۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد مجرم حنان عبد اللہ کو دو سال چھ ماہ قید اور 50 ہزار جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا، یاد رہے کہ مجرم کیخلاف سال 2022 میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کر رکھا تھا، اس کیس میں ملزم ضمانت پر تھا تاہم عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے پر اسے دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔