11 May 2025
(لاہور نیوز) فیکٹری ایریا کے علاقے میں کم سن بچے کی پرُاسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی ہے، جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 11 سالہ شہروز کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ پنجاب سوسائٹی میں پیش آیا جہاں رات گئے شہروز گھر میں اکیلا موجود تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب والد شاہد ملک گھر واپس آیا تو اس نے بیٹے کو مردہ حالت میں پایا۔
پولیس کے مطابق بچے کی گردن پر رسی کے نشانات پائے گئے ہیں جس کے باعث واقعہ کو قتل یا مبینہ خودکشی قرار دیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر لاش کو تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیا۔
فرانزک ٹیموں نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی مدد سے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔
