
(لاہور نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے 15 موبائل ہیلتھ یونٹ، 50 ایمبولینسیں، ایک کروڑ مالیت کی ادویات، ایک ہزار خیمے، 5 ہزار ترپال سمیت امدادی سامان پر مشتمل ٹرک لائن آف کنٹرول اور متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیے۔
حالیہ جنگی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے ہنگامی پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری سمیت دیگر عہدیدران بھی موجود تھے۔
سید وقاص جعفری نے بتایا کہ حالیہ ہنگامی صورتحال اور سویلین آبادی پر جارحیت کے نتیجے میں الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں اپنے 41 الخدمت ریسپانس سینٹرز کو اپڈیٹ کر دیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب، وسطی پنجاب، لاہور اور آزاد کشمیر کے چار بڑے ریجنز سمیت مرکزی سطح پر وار کرائسز مینجمنٹ سیلز قائم کیے جا چکے ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 15 موبائل ہیلتھ یونٹ، 50 ایمبولینسیں، ایک کروڑ مالیت کی ادویات، ایک ہزار خیمے، 5 ہزار ترپال سمیت امدادی سامان پر مشتمل ٹرک لائن آف کنٹرول اور متاثرہ علاقوںکی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔
دیگر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اندرونِ ملک نقل مکانی کا خدشہ بڑھتا ہے تو الخدمت فاؤنڈیشن عارضی خیمہ بستیاں قائم کرے گی اور متاثرہ افراد کے لیے نقل و حمل کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین کی خدمت کرتی رہے گی۔