
(لاہور ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی صورتحال کیلئے تیار ہے، پاکستان پر کوئی حملہ ہوا تو پھر جنگ ہی ہو گی۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک انٹرویو میں پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کسی بھی صورتحال کیلئے تیار ہے، بھارت جو کرے گا اسے ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کو تنازع بنانا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا باعث بن سکتا ہے، دنیا کو اس بات کی فکر ہونی چاہیے کہ دونوں ممالک کے پاس جوہری ہتھیار ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پاکستان پر کوئی حملہ ہو تو ظاہر ہے پھر جنگ ہو گی، بھارت کو پیغام ہے ہمارے مسائل بہت سنجیدہ ہیں، انہیں مذاکرات سے حل کر سکتے ہیں، چیزیں بگڑتی ہیں تو خطہ ہی نہیں دنیا پر اثرات پڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی توجہ دنیا کے فلیش پوائنٹس پر ہے، اگر وہ مداخلت کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں۔