(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے فی یونٹ تک کمی کر دی، آج پٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان ہو جائے گا۔
وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کریں گے، آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی جس کا اعلان کچھ دیر میں ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری توانائی اور متعلقہ افراد کی معاونت سے بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے کی کمی کی جا چکی ہے جو پاکستان کے تمام صارفین کیلئے کی گئی ہے جس میں کاروباری حضرات بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 8 بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کر دیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کریں کم ہے، وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے گفتگو ہوئی ہے اور میں نے بھی اس پر بیان جاری کیا، امید کی جانی چاہیے کہ ایرانی حکومت قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے گی۔
