
(لاہور نیوز) پنجاب کے شہر حافظ آباد میں زہریلی مٹھائی کھانے سے3 بچے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ حافظ آباد کے علاقے قلعہ صاحب سنگھ میں پیش آیا، رہائشی کے مطابق ان کے 8 بچے اپنے گھروں کے باہر کھیل رہے تھے جہاں انہیں مبینہ طور پر کسی نے زہریلی مٹھائی کھلا دی، جب بچے گھروں کو واپس آئے تو ان کی حالت تشویشناک ہو گئی۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے حافظ آباد میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 3 بچوں کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لے لیا، سید فرہاد علی شاہ نے کیس کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو مقدمہ کے ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ حافظ آباد میں رکشہ سوار افراد نے بچوں میں زہریلی مٹھائی تقسیم کی تھی، 5 بچوں کی حالت تشویشناک، چلڈرن ہسپتال لاہور میں زیرعلاج ہیں، واقعہ کا مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے۔
مقدمہ کے متن میں کہا گیا کہ نامعلوم رکشہ ڈرائیور بچوں میں زہریلی مٹھائی تقسیم کر کے فرار ہو گیا، مٹھائی کھانے سے 3 بچے جاں بحق اور 5 کی حالت تشویشناک ہے جن کو چلڈرن ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی حرکت میں آ گئی، نا معلوم رکشہ سوار کی تلاش جاری ہے۔