
(لاہور نیوز) چیئرنگ کراس پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کا دھرنا آج تیسرے روز میں داخل ہو گیا۔
نرسز، پیرا میڈیکس اور ینگ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں کو آؤٹ سورس نہ کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے، پنجاب بھر سے مظاہرین نے چیئرنگ کراس پر ڈیرے جمائے ہوئے ہیں، مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔
مظاہرین کی بڑی تعداد نے چیئرنگ کراس پر چٹائیاں بچھا کر مستقل قیام کر لیا ہے، دھرنے میں شریک ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ایک ماہ نہیں بلکہ کئی ماہ تک یہیں ڈیرے جمائے رکھیں گے۔
صدر وائے ڈی اے شعیب نیازی نے کہا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کر کے عام آدمی پر بوجھ ڈالنے جا رہی ہے، علاج معالجہ مزید مہنگا ہو جائے گا۔
مظاہرین کا کہنا ہے حکومت کو فوری طور پر نجکاری کا فیصلہ واپس لینا ہو گا ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔
چیئرنگ کراس چاروں اطراف سے بند،عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔