
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان کی شکست کا ذمہ دار باولرز کو قراردے دیا۔
نیوزی لینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد یوسف کا کہناتھاکہ اوپنرز نے اچھے اسٹرائیک ریٹ سے آغاز کیا اور مڈل میں بھی سلمان آغا اور بابر نے میچ بنالیا تھا لیکن 40ویں اوور میں اوپر نیچے دو وکٹیں گر جانے سے پریشربڑھ گیا۔انہوں نے کہا کہ صبح کے وقت ٹریک باولنگ کےلیے سازگارتھا، مارک چیپ مین اور ڈیرل مچل نے عمدہ اننگزکھیلی، محمد عباس نے بھی اچھا اسکورکرکے ہدف کو آسان بنا دیا۔
صحافی کے سوال پر سلمان آغا اور عرفان نیازی کا نام لیے بغیر کہا کہ دونوں پارٹ ٹائم باولرز مہنگے ثابت ہوئے، 43 رنزباولرز نے اضافی دیے جس کو کنٹرول کرناہوگا اور کوچز جائزہ لیں گے کہ اتنے رنز کیوں پڑ گئے؟محمد یوسف کا کہنا تھاکہ دوسرے ون ڈے سےقبل دیکھیں گے پانچویں باولرکی ضرورت ہے یا نہیں؟ آل راؤنڈر کو کھلانا ہے یا ایک مکمل باولر کو پلیئنگ الیون میں رکھنا ہے؟ ٹیم منیجمنٹ اگلے میچ میں باولنگ یونٹ کا جائزہ لے گی۔