
(لاہور نیوز) ایم پی اے سارہ احمد اور مہوش سلطانہ نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان عالمی یوم خواتین کو ایک عالمی موقع کے طور پر تسلیم کرتا ہے تاکہ خواتین کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔ یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان کا آئین مساوات، عدم تفریق اور زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی مکمل شمولیت کی ضمانت دیتا ہے۔ یہ ایوان تمام خواتین کو ان کی محنت، قربانیوں اور خاندانوں، معاشروں اور اقوام کی بہتری کے لیے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان پاکستانی خواتین بشمول مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ بے نظیر بھٹو، مریم نواز شریف، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سیاست میں کامیابیوں کو تسلیم کرتا ہے۔ یہ ایوان وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے خواتین کی بہتری کے لیے شروع کیے گئے انقلابی اقدامات کو تسلیم کرتا ہے۔
یہ ایوان تسلیم کرتا ہے کہ حکومت کے مثبت اقدامات کے باوجود پاکستانی خواتین کو اب بھی سماجی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ ایوان وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خواتین کے حقوق کے فروغ میں قائدانہ بصیرت اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ خواتین کیلئے کاروباری گرانٹس، روزگار کے مواقع اور ورک پلیس پروٹیکشن کو یقینی بنانے کیلئے پالیسیاں بنائے۔
یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ہر سال بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ خواتین کی ترقی کا جائزہ لیا جا سکے۔ یہ ایوان پنجاب، پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔