
22 Feb 2025
(ویب ڈیسک) ملک میں 2025 کے تیسرے وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 کیس کی تصدیق ہو گئی۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ضلع لاڑکانہ، سندھ سے ایک اور پولیو کیس سامنے آیا ہے، جو رواں سال صوبے میں رپورٹ ہونے والا دوسرا کیس ہے۔
اس کے ساتھ ہی سندھ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد دو اور خیبر پختونخوا میں ایک ہو گئی ہے۔
گزشتہ سال 2024 میں ملک بھر میں 74 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جن میں سے 27 بلوچستان، 22 خیبرپختونخوا، 23 سندھ، جبکہ ایک، ایک پنجاب اور اسلام آباد سے تھا۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق 2025 کی پہلی ملک گیر پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو چکی ہے، جس میں 99 فیصد اہداف حاصل کئے گئے، یہ مہم 3 سے 9 فروری 2025 تک جاری رہی، جس کے دوران 45 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔