(لاہور نیوز) وزارت داخلہ نے نئی نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 17 جنوری سے پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے، نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سائلین کو انگلیوں کے نشانات اور مطلوبہ دستاویزات سکین کر کے اپ لوڈ کرنے میں پریشانی ہوتی تھی، جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے، شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر کے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ان سرگرمیوں کے تدارک کے لئے 17 جنوری سے ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ہے، نادرا دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ان عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنا دیا گیا ہے ، شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی ، ب فارم ، ایف آر سی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں، شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کے 3 نئے ریجنل دفاتر بھی قائم کئے جارہے ہیں، نئے ریجنل سینٹرز آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے، نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے، ان دفاتر کے قیام سے نادرا حکام اور شہریوں کے درمیان رابطے میں آسانی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریجنل دفاتر کے قیام سے دور دراز علاقوں کے نادرا مراکز میں خدمات کی فراہمی بہتر ہو گی، شہریوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے اور شکایات کا فوری ازالہ ہو گا، 31 مارچ تک ملک کی تمام تحصیلوں میں نادرا دفاتر قائم کرنے کا ہدف پورا کر لیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں صرف 19 تحصیلوں میں نادرا دفاتر کا قیام باقی تھا، اس ضمن میں کام تیزی سے جاری ہے، 31 مارچ تک ان تحصیلوں میں بھی نادرا دفاتر فعال ہو جائیں گے۔