
(لاہور نیوز) ایل ڈی اے نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 46 املاک سربمہر کر دیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے نے شکنجہ سخت کر لیا، ایل ڈی اے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کرنے میں مصروف ہے، ایل ڈی اے ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے 46 املاک بشمول 13 مارکیز سربمہر کر دیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے کینال روڈ، گجر پورہ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کارروائیاں کیں، گجر پورہ میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 13 شادی ہالز اور مارکیز سیل کر دیں، کینال روڈ پر غیرقانونی تعمیر و تبدیلی پر تعمیر شدہ مارکی کو جزوی طور پر مسمار کر دیا، کمرشل فیس و جرمانہ کی عدم ادائیگی پر علامہ اقبال ٹاؤن میں 32 املاک سربمہر کر دیں۔
سیل کی گئی املاک میں شادی ہالز، مارکیز، نجی سکولز،دکانیں، دفاتر، سٹورز، بیکری و دیگر شامل ہیں، آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے، آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیرنگرانی کیا گیا۔