(لاہور نیوز) امن وامان کے معاملہ پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی خصوصی شرکت کی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وفاقی وزرا اور سکیورٹی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کو شرپسندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے رد الفساد فورس بنائی جائے گی، شرپسندوں کی نشاندہی کے لئے اسلام آباد میں فرانزک لیب قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، 24 نومبر کے بعد ہونے والی صورتحال کے ابعث شرپسند عناصر کےخلاف بھرپور قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تمام شرپسندوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے، اجلاس میں شرکا کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں آئی۔