(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 347 عدالتی مفرور جبکہ 26 عادی مجرم گرفتار کر لئے۔
لاہور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال ٹریول آئی سافٹ ویئر کی مدد سے 67 لاکھ 39 ہزار 888 افراد کی چیکنگ عمل میں لائی گئی ہے، 10 لاکھ 39 ہزار 506 افراد کو چیک کیا گیا ہے جبکہ 41 ہزار 401 فارنرز کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے 932 ہوٹلوں، 1359 گیسٹ ہاؤسز / ہوسٹلوں اور 175 فیکٹریوں کی چیکنگ کی گئی ہے، اب تک1143 اشتہاری،347 عدالتی مفرور جبکہ 26 عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے، دوران چیکنگ 3 ہزار سے زائد افراد کے خلاف مختلف مقدمات میں کریمینل ریکارڈ ٹریس ہوا ہے۔
اس حوالے سے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے جدید ٹیکنالوجی کے بہترین استعمال سے اشتہاری مجرمان کو قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے، ایس ایچ اوز بس اڈوں اور ہوٹل مالکان کو مسافروں کا ڈیٹا ایپ میں درج کرنے کا پابند کریں، ٹریول آئی ایپ کی مدد سے مسافروں میں گھل مل کر سفر کرنے والے مطلوب مجرمان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا پولیس سافٹ ویئرز میں ڈیٹا کا اندرج نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے، سپروائزری افسران خود فیلڈ میں نکل کر ہوٹلوں، سرائے، قیام گاہوں اور بس اڈوں کی انسپیکشن کریں، جرائم کی روک تھام کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپور استفادہ کیا جائے، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں معاون و مدد گار ثابت ہو رہا ہے، جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے محفوظ اور پر امن معاشرے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔