(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے 3 روز کیلئے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ، محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، حکومت پنجاب نے صوبے میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے ، اس پابندی کا اطلاق ہفتہ 23 نومبر سے سوموار 25 نومبر تک ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی جلوس دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، شرپسند عناصر عوامی اجتماع کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔
کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 18ویں اجلاس میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی گئی تھی، دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔