(لاہور نیوز) پنجاب کے پی ایس آر پی سکولوں میں پانچ ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دیدی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سکولوں کی تعمیر ومرمت کے لئے ری والونگ فنڈز قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق ہوا، طلبہ میں مطالعہ کی عادت کے فروغ کے لئے سرکاری سکولوں میں موبائل بس لائبریری پراجیکٹ لانچ کرنے پر بھی غور ہوا، جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں جاری سکول میل پروگرام پر رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ3527 سکولوں میں ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد ملک پیک تقسیم کئے گئے، سکول میل پروگرام شروع ہونے کے بعد 38 ہزار سے زائد نئے طلبہ کی انرولمنٹ مکمل ہو گئی، طلبہ کو دودھ پیک سے متعلق روزانہ ڈیش بورڈ پر رپورٹ پیش کی جاتی ہے، سکول میل پروگرام کے اجراء کے بعد بچوں کے کیلشیم ٹیسٹ بھی لئے جاتے ہیں۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام میں شامل سکولوں میں انرولمنٹ میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے، پی ایس آر پی فیز ون میں شامل 5675 سکولوں میں ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد نئے طلبہ نے داخلہ لیا، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ نے 60 فیصد نئے داخلوں کی تصدیق کر لی، پبلک سکول ری آرگنائزیشن کے بعد سکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں 164 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں پی ایس آر پی فیز ون کے اساتذہ کے سات ٹریننگ سیشن مکمل ہو گیا ہے، اساتذہ سمارٹ کلاس ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دیہات کے بچوں کو پڑھائیں گے، سولر ٹیکنالوجی سے منسلک سمارٹ بورڈ کے ذریعے بچوں کو پڑھایا جائے گا، شہروں کے مضافاتی علاقوں میں آؤٹ آف سکول چلڈرن کی تعداد سب سے زیادہ ہے، آؤٹ آف سکول چلڈرن کے 95 فیصد والدین بچوں کو پڑھانا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بہتر کرنا ہمارا عزم ہے، سرکاری سکولوں میں یونیفارم کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، طلبہ کی لرننگ کیپسٹی بڑھانے کے لئے نئی ماڈرن لیب قائم کی جائیں گی۔