(لاہور نیوز) وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈپٹی کمشنر نےاحتجاج کے پیش نظر 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی، وزارت داخلہ کی جانب سے متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔
وزارت داخلہ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شرپسندی میں ملوث افراد کیخلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنے اور وفاقی دارالحکومت میں تمام سرکاری اور اہم عمارتوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت ترین حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزارت داخلہ نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی کیلئے بھاری نفری تعینات کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں افغان مہاجر کیمپوں کی جیوفنسنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران شر پسندی کرنے والے طالب علموں کی تعلیمی اسناد اور داخلے منسوخ کرنے کے فیصلے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ احتجاج میں شامل شرپسند افراد کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ سمیت سمز بلاک کرنے کا بھی فیصلہ زیر غور ہے تاہم دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمنٹے کیلئے مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی گئی ہے۔