اگر میری حکومت نہ گرائی جاتی تو پاکستان آج ایشین ٹائیگر ہوتا: میاں نواز شریف
(ویب ڈیسک) صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر میری حکومت نہ گرائی جاتی تو پاکستان آج ایشین ٹائیگر ہوتا۔
لندن میں مریم نواز کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حالات بہتر ہو رہے ہیں، ہم اب یہ کر کے دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ذاتی مفاد کے لیے میری حکومت گرائی اور مجھے ساری زندگی کے لیے سیاست سے نااہل کیا گیا، جس کا نقصان ملک کو ہوا، مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی ملک نے ترقی کی، ہمارے خلاف سازش نہ کی جاتی تو پاکستان آج جی 20 میں بھی شامل ہو چکا ہوتا۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ اب ایک بار پھر پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور شہباز شریف ملک کی حالت بدلنے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں، شرح سود کم ہونے کے ساتھ ترقی کی رفتار بھی پہلے سے بہتر ہے، اس کے علاوہ مہنگائی کی کمر ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہو رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان متحد و منظم ہیں اور ان کی پارٹی کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں، دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہیلتھ کی سہولیات کوبہتربنایا جارہا ہے، پنجاب میں تمام بھرتیاں میرٹ پرکی جارہی ہے، خیال رہے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے ساتھ ورکرز کنونشن میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور مقامی رہنما بھی موجود تھے۔