(لاہور نیوز) کوئٹہ میں آج ریلوے سٹیشن پر ہونیوالے دھماکے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ آ گئی۔
رپورٹ کے مطابق دھماکہ صبح 8 بج کر 20 منٹ پر پلیٹ فارم نمبر 1 کے داخلی دروازے پر ہوا، دھماکہ کے وقت پلیٹ فارم نمبر 1 پر کوئی ٹرین موجود نہ تھی، جعفر ایکسپریس نے 8:30 بجے پلیٹ فارم نمبر 1 پر پہنچنا تھا، خوش قسمتی سے پلیٹ فارم نمبر 2 پر موجود مسافر محفوظ رہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دھماکے کی نوعیت خود کش لگتی ہے، دھماکے کی پہلی اطلاع کوئٹہ کنٹرول روم میں موصول ہوئی، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام علاقہ کو کارڈن آف کر دیا ہے، ڈی ایس پی سپیشل برانچ ریلوے شاہد نواز و دیگر ریلوے عملہ موقع پر موجود رہے، دھماکہ کے بعد ریسکیو آپریشن کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
واضح رہے کہ آج کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔