(لاہورنیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بھارتی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں عدم شرکت کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہوئی، اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 ماہ سے انڈین میڈیا سے خبریں آرہی تھیں کہ ٹیم نہیں آرہی، کسی کو کوئی اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے، ہم سے ابھی تک ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہم تیار ہیں، ہم چاہتے ہیں کرکٹ سیاست سے پاک ہو، چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیاریاں اسی طرح جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں کرکٹ میں کسی قسم کی سیاست نہ ہو، چیمپئنز ٹرافی بارے جو بھی فیصلہ ہوگا حکومت پاکستان کرے گی، بی سی سی آئی کو اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے، ہر ملک کی خواہش ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ہو، میری ہر ملک سے بات چیت رہتی ہے، ہر ملک کی خواہش رہتی ہے ہم یہاں کرکٹ کھیلیں۔