31 Oct 2024
(لاہور نیوز) اڈیالہ جیل آنے والوں کی مانیٹرنگ کے لئے نیا وائی فائی انٹیگریٹڈ سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔
انٹیگریٹڈ سسٹم کے ساتھ بائیو میٹرک ویریفیکیشن ڈیوائس بھی نصب کی گئی ہے، نئے سسٹم کی تنصیب کے بعد قومی شناختی کارڈ کے بغیر جیل میں داخلہ بند کر دیا گیا، نیا سسٹم تین مرکزی دروازوں سمیت جیل ڈیوڑھی میں نصب کیا گیا ہے۔
نئے سسٹم میں بار کوڈ سکیننگ، وائی فائی ڈیوائسز اور جدید ٹیب شامل ہیں، نیا نظام نادرہ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سسٹم سے منسلک ہے، جدید سسٹم سے جیل آنے والوں کے قومی شناختی کارڈ کی سکیننگ پر تمام تفصیلات ظاہر ہو جائیں گی۔
جدید نظام کے تحت آئی ڈی کارڈ سکیننگ مکمل نہ ہونے پر کسی کو جیل داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کے ملاقاتیوں کو بھی سکیورٹی سے گزارا جائے گا۔