(لاہور نیوز) دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، بابراعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی دورہ آسٹریلیا کے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تاہم دورہ زمبابوے کیلئے تینوں کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا جبکہ وائٹ بال ٹیم کے کپتان کا اعلان چیئرمین پی سی بی خود آج 3 بجے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کریں گے۔
خیال رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں 4 سے 10 نومبر تک پاکستان 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی اور 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی۔
دورہ آسٹریلیا کے بعد قومی ٹیم زمبابوے جائے گی جہاں پر 24 سے 28 نومبر تک دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز شیڈول ہیں جس کے بعد یکم دسمبر سے 5 دسمبر تک 3 ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔